لاہور میں مقیم پردیسیوں کی عید منانے کی آبائی علاقوں کو روانگی

لاہور (خبر نگار/ تصاویر: میاں شاہنواز) عیدالاضحی کی تعطیلات شروع ہوتے ہی لاہور میں عارضی رہائش اختیار کئے ہوئے ہزاروں افراد نے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے جس کے باعث شہر کے لاری اڈوں، جنرل بس سٹینڈز اور نجی ٹرمینلز پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے بس کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا ہے جس سے مسافروں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ بادامی باغ لاری اڈا، جنرل بس سٹینڈ اور مختلف نجی بس ٹرمینلز پر اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، بہاولپور، ڈی جی خان اور جنوبی پنجاب سمیت دیگر شہروں کیلئے جانے والے مسافروں کا بے پناہ رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بسوں میں گنجائش کم پڑنے کے باعث کئی افراد کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے جبکہ بعض روٹس کی ٹکٹیں پہلے ہی فروخت ہو چکی ہیں۔ عید کی چھٹیوں کے باعث لاہور میں ملازمت، کاروبار اور تعلیم کی غرض سے مقیم افراد بڑی تعداد میں اپنے خاندانوں کے ہمراہ آبائی علاقوں کو روانہ ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال عید پر رش بڑھتا ہے لیکن اس مرتبہ مہنگائی اور بڑھتے کرایوں نے سفر کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے کے بعد مختلف روٹس پر بس کرایوں میں 5 سے 30 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے اسلام آباد، ملتان، پشاور، فیصل آباد اور کراچی جانے والی بسوں کے کرایوں میں سینکڑوں روپے اضافہ کیا گیا ہے جبکہ بعض ٹرانسپورٹرز اضافی کرایہ بھی وصول کر رہے ہیں۔ مسافروں نے شکایت کی ہے کہ ٹرانسپورٹرز عید کے رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے مو¿ثر چیکنگ دکھائی نہیں دے رہی۔ کئی مسافروں کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں اہل خانہ کے ساتھ سفر کرنا ایک بڑا مالی بوجھ بنتا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹرز کا موقف ہے کہ پٹرولیم مصنوعات، سپیئر پارٹس، ٹائروں اور گاڑیوں کی مینٹیننس لاگت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں پرانے کرایوں پر ٹرانسپورٹ چلانا ممکن نہیں رہا۔ ادھر لاہور میں میٹرو بس اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی رش بڑھ گیا ہے کیونکہ پٹرول مہنگا ہونے کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نجی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کر رہی ہے۔ کئی مقامات پر مسافروں کو بسوں کے انتظار میں طویل وقت گزارنا پڑ رہا ہے جبکہ بس اسٹینڈز پر رش کے باعث انتظامیہ کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔