سٹی ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک، عوام پریشان

لاہور (مرزا ندیم بیگ/ تصاویر: واحد شہزاد) لاہور شہر کے مصروف ترین علاقوں میں شمار ہونے والے سٹی ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے شہریوں کی جانب سے مختلف تحفظات سامنے آئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی ٹریفک، سٹریٹ کرائم، تجاوزات، منشیات فروشوں کی سرگرمیاں اور رات کے اوقات میں پولیس گشت کی کمی جیسے مسائل ان کیلئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ مختلف بازاروں، رہائشی علاقوں اور کاروباری مراکز میں کئےگئے ایک غیر رسمی سروے میں شہریوں نے پولیس کی کارکردگی کو جزوی طور پر بہتر قرار دیا تاہم مزید مو¿ثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ سٹی ڈویژن کے کئی علاقوں میں موٹر سائیکل چوری، موبائل فون چھیننے اور جیب تراشی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ بعض شہریوں نے شکایت کی کہ تھانوں میں فوری شنوائی نہ ہونے کے باعث متاثرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ کچھ افراد نے پولیس اہلکاروں کے رویے کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔بازاروں میں دکانداروں نے بتایا کہ تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے باعث نہ صرف ٹریفک مسائل بڑھتے ہیں بلکہ جرائم پیشہ عناصر کو بھی موقع ملتا ہے۔ شہریوں کے مطابق رات گئے پولیس کی موثر گشت اور مشکوک افراد کی چیکنگ سے جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ خواتین نے خصوصاً بازاروں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے اطراف ہراسگی کے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مزید سکیورٹی اقدامات کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب بعض شہریوں نے پولیس کی مثبت کارکردگی کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اہم مقامات پر ناکہ بندی، ڈولفن فورس کی فوری رسپانس کارروائیاں اور محرم و دیگر مذہبی مواقع پر سکیورٹی انتظامات میں بہتری آئی ہے۔ کئی علاقوں میں پولیس کی بروقت کارروائیوں کے باعث جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاریوں سے عوام کو ریلیف ملا۔اس حوالے سے لاہور سٹی ڈویژن کے ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم کے خاتمے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سٹریٹ کرائم، منشیات فروشی اور اشتہاری ملزمان کے خلاف خصوصی کریک ڈاو¿ن جاری ہے جبکہ اہم بازاروں اور حساس مقامات پر پولیس گشت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ایس پی سٹی کے مطابق پولیس کو بڑھتی ہوئی آبادی، ٹریفک دباو¿، محدود نفری اور وسائل کی کمی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے تاہم اس کے باوجود افسران اور اہلکار شب و روز فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینے کیلئے تاجروں، علما، سماجی شخصیات اور شہریوں کے ساتھ رابطے بڑھائے جا رہے ہیں تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ شہریوں نے بھی اس امید کا اظہار کیا کہ اگر پولیس اور عوام باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں تو لاہور سٹی ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہو سکتی ہے۔