بنوں میں آپریشن، 15 دہشتگرد جہنم واصل، 2 اہلکار شہید، 3زخمی

بنوں،باجوڑ :(بیورورپورٹ) بنوں کے علاقے میریان میں خفیہ اطلاع پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،15 دہشت گرد جہنم واصل، 2 پولیس اہلکار شہید،3زخمی ہو گئے۔

پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ ٹیموں نے آپریشن علی الصبح شروع کیا، دہشتگرد عناصر کی نقل و حرکت ،ممکنہ ٹھکانوں کی نگرانی کےلئے جدید ڈرون سرویلنس اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا،شدید فائرنگ کے تبادلے میں 15 دہشتگردہلاک، متعدد زخمی ہوگئے،دوران آپریشن بر آمد کیے گئے 10کلووزنی دیسی ساختہ بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔

آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا فتنہ الخوارج اور امن دشمن عناصر کےخلاف کارروائیاں مزید شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے 15 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر خیبرپختونخوا پولیس اورسی ٹی ڈی کی بہادری اور پروفیشنل ازم کو سراہتے ہوئے کہا کے پی پولیس اور سی ٹی ڈی بلوچستان کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے،بروقت کارروائی کرکے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا گیا۔

دوسری جانب باجوڑ کے حساس علاقہ ماموند میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن، ایک ماہ میں13 دہشتگردہلاک، 15 سہولت کار گرفتار کرلئے گئے،سی پی او نے کہا ماموند کے مختلف علاقوں انعام خوڑو، چینہ گئی، شاہی تنگی، شاگرو، ہنگہ اور منڈل میں سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں، آپریشن میں ضلعی پولیس کے 40 جوان اور ایلیٹ فورس کی 3 پلاٹونز شامل ہیں، ایک ماہ کے دوران مختلف مشترکہ آپریشنز میں 13 دہشتگرد ہلاک جبکہ 15 سہولت کار عناصر گرفتار کئے گئے، 11 اہم مقامات پر ایف سی اور پولیس کی مشترکہ چوکیاں قائم کر دی گئیں۔