تہران، نیویارک (مشرق نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو آگاہ کیا ہے کہ امریکہ کے ضرورت سے زیادہ مطالبات امن مذاکرات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق عباس عراقچی نے سیکرٹری جنرل سے ٹیلیفونک گفتگو میں موقف اختیار کیا کہ امریکہ ماضی میں ٹوٹے ہوئے وعدوں، متضاد پالیسیوں اور فوجی کارروائیوں کے ذریعے سفارتکاری کو نقصان پہنچا چکا ہے، تاہم اس کے باوجود ایران پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات میں سنجیدگی سے حصہ لے رہا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کسی بھی ملک کی خودمختاری کے خلاف طاقت کے استعمال کو مسترد کرتے ہوئے خطے میں استحکام کیلئے سفارتی عمل جاری رکھنے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری ثالثی کی کوششوں کے سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران پہنچ گئے ہیں اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے مسلسل رابطے میں ہیں اور پاکستانی کی ثالثی میں ایران سے معاہدہ طے پانے کی امید ہے۔
ضرورت سے زیادہ امریکی مطالبات امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں: ایران



















