کراچی:(بیورورپورٹ)پنکی کیس سندھ حکومت کیلئے ٹیسٹ کیس بن گیا،800گاہکوں کا انکشاف،منشیات فروشی کے ہائی پروفائل کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کی سکیورٹی مزید سخت ،عدالت میں پیشی کے دوران غیرمعمولی حفاظتی انتظامات ،عدالت نے مزید3روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
ملزمہ کو سخت سکیورٹی میں سماعت کےلئے سینٹرل جیل کے جوڈیشل کمپلیکس لایا گیا، جہاں درخشاں اور گزری تھانوں میں درج 8 مقدمات کے حوالے سے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا،عدالت نے انمول پنکی کو 3روز کیلئے پولیس تحویل میں دینے کا حکم جاری کردیا۔
دوسری جانب انمول عرف پنکی کیس میں ایس ایس پی سٹی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا،پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او گارڈن ، ایس آئی او گارڈن اور آئی او پہلے ہی معطل ہو چکے ، پنکی کیس میں 2 خواتین پولیس اہلکاروں کو بھی معطل کر دیا گیاجبکہ ایس ایس پی سٹی علی حسن کو معطل کرنے کی سفارش کی گئی ۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا منشیات فروش ملزمہ انمول عرف پنکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کھلے عام چیلنج کرتی تھی، تمام سہولت کاروں اور سرپرستوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائےگا، کیس سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے ٹیسٹ کیس کی حیثیت اختیار کر چکا ۔
آئی جی سندھ جاوید اوڈھو نے کہا پنکی کے کیس میں کئی معتبر نام بھی ہیں، پنکی کے کاروبار میں بہت سے لوگوں کے نام نکل سکتے ہیں، انمول عرف پنکی کو گلیمرائز نہ کریں کہ اس پر فلم بن جائے، پنکی زیادہ لاہور میں رہتی تھی، حکومت سندھ کے تعاون سے منشیات کے خاتمے پر کام کر رہے ہیں، ایک ہزار سے زائد مجرموں کو پکڑا لیا، منشیات کے خلاف کوششیں کرنا ہر شہری کا کام ہے،ٹاسک فورس بنا رہے ہیں، آپ انہیں معلومات فراہم کریں، شہری کورٹ میں گواہی دینے کےلئے آئیں، منشیات استعمال کرنے والے اور بیچنے والے میں فرق ہے۔
جاوید اوڈھو نے کہا بینکنگ معاملات میں ایف آئی اے کو شامل کر لیا، درست ہے کہ یہ ایک اکاﺅنٹ نہیں اور بھی ہو سکتے ہیں، پنکی پر بہت سے کیسز ہیں، پنکی کو جو مناسب ہے وہی سکیورٹی دی،50کروڑ روپے سے زائد چالان سے جمع کیے، ارادہ قانون کی پاسداری کرانا ہے، نمبر پلیٹ ٹیمپرنگ پر کارروائی کرینگے،مزید بر آں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی میں منشیات فروش انمول عرف پنکی کے سہولت کاروں کی عدالتی تحویل چیلنج کر دی گئی،پولیس کی جانب جیل کسٹڈی کے خلاف نظر ثانی درخواست داخل کی گئی،عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی 12 میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
انمول پنکی کا مزید ریمانڈ ،ایس ایس پی سٹی ،2خواتین اہلکار معطل



















