مزید 11 اضلاع میں پی ایچ اے اتھارٹیز بناکر پارکس اور گرین ایریاز بنانے کا منصوبہ

لاہور (اپنے نمائندے سے)وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن پر صوبہ بھر میں ماحولیات کی بہتری اور شہریوں کو جدید تفریحی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کا دائرہ کار مزید بڑھاتے ہوئے مزید 11 اضلاع میں پی ایچ اے قائم کر کے نئے پارکس اور گرین ایریاز بنانے کا منصوبہ ،ابتدائی مرحلے میں تقریباً 150 سے زائد نئے پارکس اور 300 کلومیٹر سے زائد گرین بیلٹس بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پی ایچ اے کی مجموعی تعداد 21 تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے مرحلہ وار مختلف اضلاع کو شامل کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر جن اضلاع میں پی ایچ اے کے قیام یا توسیع پر غور کیا جا رہا ہے جس میں 11 اضلاع کو شامل کیا جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں سیالکوٹ، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، گجرات اور ڈیرہ غازیخان سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں۔ اتھارٹی ذرائع کے مطابق اس منصوبے کیلئے ابتدائی طور پر مبینہ طور پر 8 سے 10 ارب روپے تک کے فنڈز مختص کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے تاہم حتمی منظوری کابینہ اور محکمہ خزانہ سے مشروط ہوگی ذرائع کے مطابق ہر ضلع کیلئے فنڈز مقامی ضروریات کے مطابق جاری کئے جائیں گے منصوبے کے تحت ابتدائی مرحلے میں تقریباً 150 سے زائد نئے پارکس اور 300 کلومیٹر سے زائد گرین بیلٹس بنانے کی تجویز دی گئی ہے ان منصوبوں میں شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے شہروں اور تحصیل سطح پر بھی گرین ایریاز قائم کئے جائیں گے۔ اس منصوبہ میں چلڈرن پلے ایریاز، واکنگ ٹریکس، فٹ پاتھوں کی بحالی، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کو بھی گرین انفراسٹرکچر کا حصہ بنایا جائیگا تاکہ شہریوں کو بہتر اور صحتمند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے کو سرسبز بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور پی ایچ اے کے دائرہ کار میں توسیع اسی وژن کا حصہ ہے ادارے کو مالی خودمختاری دینے اور ریونیو جنریشن ماڈل متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے تاکہ پی ایچ اے مستقبل میں اپنے اخراجات خود پورے کر سکے حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کو بہتر، صاف اور صحتمند ماحول بھی میسر آئیگا۔