بڑی کامیابی،امریکی تحویل سے پاکستانی وایرانی شہریوں کو رہائی مل گئی،اسحاق ڈار


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بڑی کامیابی،امریکہ کی جانب سے قبضے میں لیے گئے جہاز میں موجود پاکستانی وایرانی شہریوں کو رہائی مل گئی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا11پاکستانی اور20 ایرانی شہریوں کی واپسی میں کامیابی مل گئی،تمام پاکستانی و ایرانی شہری محفوظ اور خیریت سے ہیں،سنگاپور کے تعاون سے پاکستانی و ایرانی شہریوں کی روانگی مکمل ہوئی، سنگاپور سے بینکاک پہنچنے کے بعد خصوصی پرواز سے اسلام آباد آئیں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا ایرانی شہریوں کو بھی پاکستان کے ذریعے وطن واپسی میں سہولت فراہم کی گئی،سنگاپورحکومت اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں،ایرانی وزیرخارجہ عراقچی کا پاکستان پر اعتماد قابل قدر ہے، امریکہ کا 31 پاکستانی و ایرانی شہریوں کی واپسی میں تعاون قابل ستائش ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا تھائی لینڈ حکومت کی جانب سے بینکاک ٹرانزٹ میں سہولت فراہم کی گئی،وزارت خارجہ، داخلہ اور پاکستانی مشنز کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کی حفاظت ترجیح ہے۔