گلگت بلتستان انتخابات، نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی ٹکٹ سے متعلق اجلاس

اسلام آباد (مشرق نیوز) گلگت بلتستان کی مجلس قانون ساز کے 2026 کے عام انتخابات کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور دیگر پارٹی رہنماوں نے اجلاس کیلئے آمد پر نواز شریف کا استقبال کیا۔

23 رکنی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس مسلم لیگ (ن) کے صدر اور بورڈ کے سربراہ میاں نواز شریف کی صدارت میں ہو رہا ہے۔ پارلیمانی بورڈ گلگت بلتستان کے عام انتخابات کیلئے پارٹی کے موزوں امیدواروں کو چنے گا۔ پارٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال، خواجہ محمد آصف، خواجہ سعد رفیق، گلگت بلتستان کے پارٹی صدر حافظ حفیظ الرحمن بھی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں شامل ہیں۔

پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناءاللہ خاں، مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان، کیپٹن (ر) صفدر اور چوہدری برجیس طاہر بھی بورڈ کے اجلاس میں شریک ہیں۔ مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کے علاوہ گلگت بلتستان کے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حاجی اکبر تابان، شمس میر، محمد اشرف سادا، محمد انور، ارمان شاہ، سلطان علی خان اور عمران وکیل بھی بورڈ کے ارکان کے طور پر اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔