ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے مانیٹرنگ کو زیادہ موثر کرنے اور تمام سینٹری ورکرز کو یونیفارم پہننے کی ہدایت کر دی۔ مریضوں کو صاف ستھرے ماحول کی دستیابی ہسپتال انتظامیہ کی پہلی ترجیح ہونی چاہئے جس کے لئے وارڈ کی سطح پر مانیٹرنگ میکانزم ترتیب دیا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں ہسپتال میں صفائی اور سیکیورٹی کے نظام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر، میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر فیصل وحید ،چیف سیکیورٹی آفیسر ڈاکٹر فرخ شہزاد اور ڈی اےم اےس ڈاکٹر اجمل رشےد نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اس لیے ضروری ہے کہ ہر سطح پر چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سیکیورٹی اور جینیٹوریل سٹاف کو محکمہ سوشل سیکیورٹی اور لیبر سے رجسٹرڈ کرانے کی بھی ہدایت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ تمام آ¶ٹ سورس سٹاف کو 40 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ کی ادائیگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ایم ایس ڈاکٹر فیصل وحید نے بتایا کہ ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر 278 اور جینیٹوریل ڈیوٹی پر 289 ملازمین کام کر رہے ہیں۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، سی ای او کمپنی افتخار علی، اےم ڈی شاہد ندےم رانا، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران سی ای او اور ایم ڈی کمپنی شاہد ندےم رانا نے صفائی ستھرائی کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے بہتر کارکردگی پر ٹیم کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مزید موثر اور فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے، لہٰذا شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ موبائل ایپلیکیشن اور ہیلپ لائن 1139 پر موصول ہونے والی شکایات کو بروقت حل کیا جائے۔ کمشنر نے مزید ہدایت دی کہ کمپنی کا باقاعدہ واٹس ایپ نمبر بھی متعارف کروایا جائے تاکہ شہری اپنی شکایات براہِ راست درج کرا سکیں۔ انہوں نے فیلڈ مانیٹرنگ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں متحرک رہیں اور مشینری و عملے کی کارکردگی کو بہتر بنائیں تاکہ شہریوں کو بہترین صفائی کی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے ایم ڈی کمپنی کو ہدایت دی کہ فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور شہر کی تمام یونین کونسلز میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، جبکہ ڈیپ کلیننگ کے عمل کو بھی تیز کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ شہر کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں اور قصبات میں بھی صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔ کمشنر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کوڑا کرکٹ مقررہ کوڑا دان میں ڈالیں اور صفائی عملے کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جمع شدہ کوڑا کرکٹ کو بروقت اور محفوظ طریقے سے ڈمپنگ سائٹ تک منتقل کیا جائے تاکہ تعفن اور ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکے۔ اجلاس میں“ستھرا پنجاب”مہم کے تحت صفائی کے نظام کو مزید م¶ثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے بیرون لاری اڈا اور زیر تعمیر سلاٹر ہا¶س کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور کنٹریکٹر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے بیرون لاری اڈا کے دورے کے دوران جاری رینوویشن کاموں کا جائزہ لیا اور واش رومز، داخلی و خارجی راستوں کی بہتری کے اقدامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مسافروں کی سہولت کے پیش نظر رینوویشن کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے پینے کیلئے ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنانے، ویٹنگ ایریا میں پنکھوں کی تنصیب اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔ مزید برآں انہوں نے واش رومز کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ بعد ازاں کمشنر نے زیرِ تعمیر سلاٹر ہا¶س کا بھی دورہ کیا جہاں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن نے جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے تعمیراتی کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سلاٹر ہا¶س کی چار دیواری کو مضبوط اور بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مذبح خانے کشادہ، ہوادار بنائے جائیں اور مناسب روشنی و ہوا کیلئے کھڑکیوں کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
مریضوں کو صاف ماحول کی دستیابی پہلی ترجیح ہونی چاہئے : کمشنر ساہیوال


















