ہال روڈ بازار میں حکومتی دعوﺅں، آپریشنز کے باوجود تجاوزات قائم ، شہری پریشان

لاہور (نعیم جاوید/ عکاسی: واحد شہزاد)شہر کے مصروف ترین تجارتی مرکز ہال روڈ بازار میں حکومتی دعوو¿ں اور آپریشنز کے باوجود تجاوزات بدستور قائم ہیں جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں خریداروں اور دکانداروں کی آمدورفت والے اس اہم بازار میں پیدل چلنا بھی دشوار ہو چکا ہے جبکہ ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔روز نامہ ،مشرق ،سروے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دکانداروں کی بڑی تعداد نے اپنی دکانوں کے آگے سامان سجا رکھا ہے جبکہ متعدد مقامات پر عارضی ٹھیلے اور غیر قانونی اسٹالز بھی قائم ہیں۔ ان تجاوزات کی وجہ سے سڑکیں سکڑ چکی ہیں اور موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیورز کو گزرنے میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔ کئی جگہوں پر شہریوں کو راستہ بنانے کیلئے ایک دوسرے سے ٹکرانا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ حادثات کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے وقتی کارروائیاں تو کی جاتی ہیں مگر چند ہی دنوں بعد صورتحال دوبارہ جوں کی توں ہو جاتی ہے۔ ایک شہری نے بتایا کہ “ہم یہاں خریداری کیلئے آتے ہیں مگر رش اور تجاوزات کے باعث ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، پارکنگ کا بھی کوئی مناسب انتظام نہیں ہے۔”دوسری جانب ٹریفک پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ کئی بار دکانداروں کو وارننگ دی گئی مگر مستقل حل نہ ہونے کے باعث مسائل جوں کے توں ہیں۔تاجر تنظیم کے نمائندوں بابر محمود،حاجی نواز پپو،ایس ایم اختر نے اس حوالے سے موقف اختیار کیا کہ کاروباری حالات پہلے ہی خراب ہیں اور دکاندار اپنی بقاءکی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “مہنگائی اور کم ہوتی خریداری کے باعث دکاندار مجبور ہیں کہ زیادہ سے زیادہ سامان باہر رکھ کر گاہکوں کو متوجہ کریں۔” انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ انتظامیہ تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر کوئی متفقہ لائحہ عمل تیار کرے تاکہ کاروبار بھی متاثر نہ ہو اور شہریوں کو بھی سہولت ملے۔تاجر رہنماوں نے یہ تجویز بھی دی کہ بازار میں باقاعدہ اسٹالز کیلئے مخصوص جگہیں مختص کی جائیں اور پارکنگ کے مسائل کو حل کیا جائے تاکہ تجاوزات کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یکطرفہ کارروائیوں کے بجائے مشترکہ حکمت عملی ہی دیرپا حل فراہم کر سکتی ہے۔