لاہور (قاضی ندیم اقبال) محکمہ اوقاف پنجاب کا اوکاڑہ سرکل کے حوالے سے جاری انکوائری کا دائرہ کار وسیع کرنے اور سابق ایڈمنسٹریٹر پاکپتن زون ضیاءالمصطفیٰ، سابق منیجر اوکاڑہ سرکل شفقت عباس سمیت چار ملازمین کو شامل تحقیق کرنیکا فیصلہ۔ یہ فیصلہ انکوائری آفیسر کی جانب سے کی گئی سفارشات اور زیر معطل سابق منیجر شفقت عباس کی جانب سے دوران انکوائری نے سامنے لائی گئی دستاویزات کی روشنی میں کیا گیا۔مجموعی طور پر 28 نکاتی نئی چارج شیٹ جاری کر دی گئی جس کی بابت ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن/ڈائریکٹر فنانس کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا گیا۔دستاویزات کی کاپی ”مشرق“ نے حاصل کر لی۔ذرائع کے مطابق چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کی ہدایت اور پیشگی منظوری کے بعد جاری کئے گئے حکم میں قرار دیا گیا ہے کہ6 نومبر 2025 کو جاری کئے گئے احکام نمبری اے ڈی(اے۔II)14(62) اے ´2025 میں شفقت عباس سابق منیجر اوقاف اوکاڑہ سرکل(زیر معطل) کی حد تک انکوائری کا حکم جاری کیا گیا تھا، جس کے تسلسل میں Denovo انکوائری میں انکوائری آفیسر ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن /ڈائریکٹر فنانس اوقاف پنجاب کے دوران انکوائری مشاہدہ میں آیا کہ اس معاملہ میں 4ملازمین، جن میں ضیاءالمصطفیٰ سابق ایڈمنسٹریٹر اوقاف پاکپتن، عامر ستار سابق سینئر کلرک اوکاڑہ سرکل ، زوار حسین سابق رینٹ کلرک اوکاڑہ سرکل اور زاہد اقبال جونئیر کلرک پاکپتن زون کے نام شامل ہیں، ان سبھی کو بھی انکوائری میں شامل کیا جانا اشد ضروری ہے۔ لہذا انکوائری آفیسر کی سفارشات سے اتفاق کرتے ہوئے ہر گاہ زیر دستخطی، (مجاز اتھارٹی ) کی رائے میں پیڈا ایکٹ 2006 کی دفعہ3کے تحت مس کنڈکٹ، ناہلی ، بد عنوانی ، لاپرواہی اور بد انتظامی کے الزامات عائد کرنے کے ساتھ ساتھ پیڈا ایکٹ 2006 کی دفعہ (9)5 کے تحت انکوائری آفیسر کا تقرر بھی کیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ضیاءالمصطفیٰ سابق ایدمنسٹریٹر اوقاف پاکپتن کو 4، شفقت عباس سابق منیجر اوقاف اوکاڑہ سرکل (زیر معطل) کو 12،عامر ستار سابق سینئر کلرک اوکاڑہ سرکل کو 5، زوار حسین سابق رینٹ کلرک اوکاڑہ سرکل کو 4 جبکہ زاہد اقبال جونیئر کلرک پاکپتن زون کو 3نکاتی چارج شیٹ جاری کر دی گئی ہے۔جبکہ اس حوالے سے اسسٹنٹ (لیز) پاکپتن زون کو پیڈا ایکٹ 2006 کی دفعہ (c)(1)9 کے تحت محکمانہ پیرو کار مقرر کر دیا گیا ہے۔انکوائری آفیسرڈپٹی سیکرٹری ایڈمن/ڈائریکٹر فنانس 60یوم میں اپنی سفارشات کے ساتھ تحقیقاتی رپورٹ پیش کریں گی۔
محکمہ اوقاف ، اوکاڑہ سرکل میں انکوائری کا دائرہ وسیع کرنیکا فیصلہ


















