اٹھارہ مئی تک پی ٹی اے ٹربیونل ممبرکی تعیناتی ورنہ وزیراعظم کو پیش ہونا ہوگا:جسٹس محسن اختر کیانی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا ہے 18 مئی تک پی ٹی اے ٹربیونل میں ممبر فنانس تعینات کیا جائے ورنہ وزیراعظم آکر وجہ بتائیں،اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی اے ٹریبونل کے ممبر فنانس کی عدم تعیناتی کیس پر سماعت ہوئی،سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا اگر 18 مئی تک ممبر فنانس کو تعینات نہ کیا گیا تو وزیراعظم کو عدالت میں پیش ہونا ہوگا، وزیراعظم خود آ کر بتائیں ٹریبونل کے ممبر فنانس کی تعیناتی کیوں نہیں کی گئی،عدالت نے سیکرٹری کابینہ اور سیکرٹری بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیے، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا ایک ریٹائرڈ جج کو ٹریبونل کا ممبر تعینات کیا گیا ، جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے ریٹائرڈ ججز نے زیادہ بیڑا غرق کیا ہوا ہے اور انہیں ٹریبونلز میں جانے کا زیادہ شوق ہوتا ہے، رات کو انہیں سیلوٹ یاد آتے ہیں تو وہ سونے نہیں دیتے، کوئی این آئی آر سی میں چلا جاتا ہے اور کوئی کسی اور ٹریبونل میں، مگر اداروں میں تعیناتی کا عمل شفاف اور بروقت ہونا چاہیے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 مئی تک ملتوی کر دی۔