قوانین کی خلاف ورزی کرنےوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے:مریم نواز

لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کام کی جگہ پر حفاظت، صحت اورلیبر کی فلاح و بہبودکو ملک کی ترقی کےلئے بنیادی ستون قرار دیدیا ، وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزدوروں کی حفاظت اور بحالی کاعزم کیا ہے، کام کی جگہ پر حفاظت ، صحت کے عالمی دن پراپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے فیکٹریوں اور کارخانوں میں لیبر کےلئے جسمانی اور ذہنی صحت کے تحفظ پر زوردیا، مریم نواز نے لیبرڈیپارٹمنٹ اور دیگراداروں کو کام کی جگہوں پرقوانین کی خلاف ورزی کرنےوالوں کیخلاف سخت کارروائی، کارخانوں، فیکٹریوں اور دفاتر میں سیفٹی آلات اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کا حکم دیدیا، وزیراعلیٰ نے کہا لیبر، ورکر اور مزدوروں کا کام کی جگہ پر خطرات سے بچانے کیلئے حفاظتی آلات واصولوں پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت ہے، صحت مند اور محفوظ کارکن ہی مضبوط قوم کی تعمیر کر سکتا ہے، تمام اداروں اور صنعتی شعبوں کے مالکان ورکروں کی حفاظت کو ترجیح دیں، فلاح و بہبود کیلئے ضروری اقدامات کریں، پنجاب کے ہر ورکر کو صحت، بہبود اور حفاظت کیلئے پرعزم ہوں، کارخانوں، دفاتر، ورک پلیس پر سیفٹی کلچر کا شعور ضروری ہے، مریم نواز نے کہا ورکرز کے تحفظ کیلئے لیبر قوانین میں ترمیم لا رہے ہیں، راشن کارڈ کے ذریعے14 لاکھ محنت کشوں کو ماہانہ مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے، رواں مالی سال میں 50 ہزار مزید محنت کشوں کو راشن کارڈ جاری کیے جائیں گے،ورک فورس ملک کا قیمتی اثاثہ ہے، صحت و سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،ورکرز کی صحت اور حفاظت کی پروانہ کرنیوالی فیکٹریوں کو جرمانے ہونگے۔