آسیان وفد کی لاہور میں سیر،ثقافتی رنگوں ،مہمان نواز ی سے بے حد متاثر

لاہور (وقائع نگار) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے آسیان ممالک کے وفد کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور، ثقافتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزارت اطلاعات و ثقافت پنجاب کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا ،عظمیٰ بخاری اور سیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا،آسیان وفد کی قیادت پاکستان میں تعینات انڈونیشیا کے سفیر چاندرا وارسی کر رہے تھے، وفد کو پنجاب کے ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے کےلئے واہگہ بارڈر اور شالیمار باغ کا دورہ بھی کرایا گیا، عظمیٰ بخاری نے کہا وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کی ثقافت اور تہذیب کو دوبارہ فروغ دیا جا رہا ہے، پنجاب کا کلچر اور روایات نہایت خوبصورت ہیں ، حکومت مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے،اس موقع پر انڈونیشیا کے سفیر چاندرا وارسی نے پنجاب حکومت کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا وہ پنجاب اور خصوصاً لاہور کے ثقافتی رنگوں سے بے حد متاثر ہوئے ، لاہور کے لوگ انتہائی مہمان نواز اور عزت دینے والے ہیں،تقریب کے اختتام پر عظمیٰ بخاری نے آسیان وفد کے شرکاءکو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں جبکہ وفد نے بہترین انتظامات اور مہمان نوازی پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔