مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ کی پاکستان سے مذاکرات کی حمایت

سرینگر (مشرق نیوز) مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے پاکستان سے مذاکرات کیلئے بھارتی انتہاپسند جماعت آر ایس ایس اور سابق بھارتی آرمی چیف کے بیانات کی حمایت کردی۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے اپنے ایک بیان میں پاکستان سے مذاکرات کیلئے آر ایس ایس اور سابق بھارتی آرمی چیف کے بیانات کو خوش آئند قرار دیدیا۔

انہوں نے کہاکہ کسی کو تو خیال آیا کہ جنگ کوئی آپشن نہیں، مذاکرات سے ہی مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ دو روز پہلے آر ایس ایس کے سیکرٹری جنرل دتاتریہ ہوسابالے نے کہا تھا کہ بھارت کو ہمیشہ پاکستان سے مذاکرات کیلئے تیار رہنا چاہئے، بات چیت کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں۔

اس کے بعد بھارتی فوج کے سابق سربراہ منوج نروانے نے کہا تھا دونوں طرف لوگوں کے مسائل ایک جیسے ہیں،ان کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں۔