اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وفاقی وزرا نے کہا بیرون ملک سے پاکستان کےخلاف منظم منفی پروپیگنڈا مہم بے نقاب کر دی،یو اے ای سے فرقہ وارانہ بنیاد پر بے دخلی کی اطلاعات درست نہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا گمراہ کن اطلاعات اور نام نہاد ذرائع کے ذریعے کنفیوژن پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، پاکستان کے خطے میں امن کے کردار کو متنازع بنانے کی مذموم سازش کی جا رہی ہے، معتبر پاکستانی میڈیا اور فیکٹ چیک فورمز نے پروپیگنڈا مسترد کر دیا، امن دشمن عناصر پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں سے خائف ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا پاکستان خطے میں پائیدار امن اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، ذمہ دار پاکستانی میڈیا اور انفلوئنسرز کا منفی مہم بے نقاب کرنے میں اہم کردار ، پاکستان دشمن عناصر کا جھوٹا بیانیہ ناکام بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا متحدہ عرب امارات سے کسی فرقے یا مذہبی بنیاد پر پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیے جانے کی اطلاعات درست نہیں، حکومت نے ذمہ داری کے ساتھ معاملے کا جائزہ لیا اور خبروں کی تردید کی گئی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا پاکستان اوریو اے ای کے تعلقات مکمل طور پر بہتر ، مضبوط روابط موجود ہیں، رواں ماہ پاکستان آنے والی ترسیلات زر میں سب سے زیادہ حصہ سعودی عرب جبکہ دوسرے نمبر پر یو اے ای کا ہے، امارات میں 17 لاکھ سے زائد پاکستانی قانونی طور پر مقیم ہیں جو نہ صرف یو اے ای بلکہ پاکستان اور اپنے خاندانوں کےلئے بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ملکوں کے بارے میں جلد بازی میں نتائج اخذ نہیں کرنے چاہئیں کیونکہ مستقبل کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔
یو اے ای سے فرقہ وارانہ بنیاد پر بے دخلی کی اطلاعات درست نہیں:وفاقی وزرا



















