وائٹ ہاوس، پریس ڈنر میں فائرنگ، امریکی صدر محفوظ، حملہ آور گرفتار

واشنگٹن (مشرق نیوز) وائٹ ہاو¿س میں میڈیا نمائندگان کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس سے تقریب برخاست کر دی گئی، امریکی صدر سمیت تمام افراد واقعہ میں محفوظ رہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق عشائیے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آنے کے بعد سیکریٹ سروس اہلکار ٹرمپ کو ہال سے باہر لے گئے، وائٹ ہاوس کی کوریج پر مامور نمائندوں سے متعلق ڈنر کی تقریب کا آغاز ہی ہوا تھا کہ اس دوران صدر ٹرمپ کو ایک پرچی دکھائی گئی، ایسی ہی پرچی پہلے وائٹ ہاوس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ کو بھی دکھائی گئی تھی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی پرچی دکھائی گئی تو صدر ٹرمپ کے ایک جانب بیٹھی خاتون حیرت زدہ رہ گئی، اچانک ہونیوالی فائرنگ کی آواز سن کر صدر ٹرمپ اور دیگر شرکا اپنی نشستوں سے اتر کر نیچے ہوگئے۔ اس دوران سیکرٹ سروس کے اہلکار صدرٹرمپ کو باہر لے گئے جبکہ کئی اہلکاروں نے بندوقیں بھی تان لیں، کوریسپونٹنڈٹ ڈنر سے صدر ٹرمپ نے خطاب کرنا تھا۔

تقریب میں امریکی خاتون اول اور نائب صدر جے ڈی وینس سمیت 2600 افراد موجود تھے، فائرنگ کے واقعہ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایت پر تقریب کو فوری طور پر برخاست کر دیا گیا۔ فائرنگ کے بعد جاری بیان میں امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ واشنگٹن ڈی سی میں یہ ایک غیر معمولی شام تھی، سیکرٹ سروس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شاندار کام کیا، انہوں نے فوری اور بہادری سے کارروائی کی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جو کہ زندہ ہے، میں نے یہ سفارش کی ہے کہ شو جاری رہنے دیا جائے، تاہم موجودہ صورتحال میں ہم مکمل طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات کے مطابق چلیں گے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ خاتون اول، نائب صدر، اور تمام کابینہ کے اراکین مکمل طور پر محفوظ اور خیریت سے ہیں، میں نے اس تقریب کے تمام ذمہ دار نمائندوں سے بات کر لی ہے اور ہم اسے 30 دن کے اندر دوبارہ منعقد کریں گے۔

فوکس نیوز کے مطابق حملہ آور کی شناخت 31 سالہ کول ٹامس کے نام سے ہوئی ہے، شوٹر کیلیفورنیا کے علاقے ٹورنیس کا رہائشی بتایا گیا ہے جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ایف بی آئی حکام نے بتایا کہ حملہ آور نے فائرنگ کر کے سکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی، ایک مشتبہ شخص نے بندوق کے ساتھ تقریب میں داخل ہونے کی کوشش کی اور سیکرٹ سروس ایجنٹ پر فائرنگ کی، واقعہ میں ایجنٹ محفوظ رہا۔