فی الحال امریکہ کیساتھ کسی نئے مذاکراتی دور کا امکان نہیں: ایران

تہران (مشرق نیوز) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ ایران کا فی الحال امریکہ کے ساتھ کسی نئے مذاکراتی دور کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ترجمان کے مطابق موجودہ حالات میں تہران کی جانب سے واشنگٹن کے ساتھ براہ راست بات چیت کے حوالے سے کوئی پیشرفت زیر غور نہیں۔

اسماعیل بقائی کے مطابق امریکہ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی ہے اور ایران نے ثالث پاکستان کو بتا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات بدستور موجود ہیں جس کی وجہ سے فوری طور پر مذاکرات کا امکان نظر نہیں آتا۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی، بحری ناکہ بندی اور جوہری پروگرام جیسے معاملات نے مذاکراتی عمل کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ اسکے علاوہ خطے میں جاری تنازعات اور اعتماد کے فقدان نے بھی دونوں ممالک کے درمیان فاصلے بڑھا دئیے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر کشیدگی میں کمی نہ آئی تو مستقبل قریب میں مذاکرات کی بحالی مشکل دکھائی دیتی ہے جبکہ خطے میں امن کے امکانات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔