مختلف کھیلوں میں نوجوانوں کی شرکت یقینی بنائی جارہی ہے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ صحتمند معاشرے کیلئے کھیلوں کا انعقاد انتہائی اہم ہے جس سے جسم اور ذہن دونوں مضبوط ہوتے ہیں اور انسان سپورٹس مین سپرٹ سے بہت سی مشکلات پر قابو پا سکتا ہے۔ ساہیوال میں مختلف کھیلوں میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 سال بعد ساہیوال کلب میں قومی سطح کی رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے ملک کے دوسرے حصوں سے ساہیوال آنے والے تمام مہمانوں کا خیرمقدم کر کیا اور توقع ظاہر کی کہ اس ٹورنامنٹ میں شائقین کو اعلیٰ معیار کے سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ساہیوال کلب میں آل پاکستان نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ 2026 کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور کلب سیکرٹری شیخ عظمت سلیم نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں کھلاڑیوں، والدین، کوچز اور سپورٹس شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔چیمپئن شپ 2 جون سے 7 جون 2026 تک جاری رہے گی جس میں ملک بھر سے 150 سے زائد نامور اور نوجوان ٹینس کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔چیمپئن شپ میں مینز سنگلز (پنجاب رینکنگ)، مینز ڈبلز (پنجاب رینکنگ)، سینئرز 45 پلس ڈبلز، سینئرز 55 پلس ڈبلز، بوائز و گرلز انڈر 18 سنگلز، بوائز انڈر 18 ڈبلز، بوائز و گرلز انڈر 14 سنگلز، بوائز انڈر 14 ڈبلز، بوائز و گرلز انڈر 12 سنگلز، بوائز انڈر 12 ڈبلز اور بوائز/گرلز انڈر 10 سنگلز (پنجاب رینکنگ) کیٹیگریز کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت پسپ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ایم ڈی واسا تنوےر قےصر سندھو،اےڈےشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نےاز احمد مغل، ڈائرےکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر مےونسپل کارپورےشن شیخ اشفاق احمد، سٹی منیجر پسپ محمد اسجد علی خان سمےت محکمہ ہائی وے، محکمہ انہار اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ چیف انجینئر شیخ طاہر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں سٹی منیجر محمد اسجد علی خان نے پسپ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ ٹیوب ویلز، واٹر سپلائی و کنکشنز اور آڑتلہ روڈ سمیت تمام باقی ماندہ منصوبے جون کے آخر تک مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور وہ ان منصوبوں کے ثمرات سے جلد مستفید ہو سکیں گے۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کے دفتر کا دورہ کیا اور مختلف برانچز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں ادارے کی کارکردگی اور طلبہ و طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے خصوصی طور پر ون ونڈو آپریشن سیل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سائلین اور طلبہ و طالبات سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے ون ونڈو آپریشن سیل میں زیر تکمیل بینک بوتھ کے قیام کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ آخری مراحل میں ہے اور اسے جلد فعال کیا جائے تاکہ طلبہ و طالبات کو فیسوں کی ادائیگی میں آسانی میسر آ سکے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ بورڈ دفتر آنے والے طلبہ و طالبات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور انہیں بار بار دفاتر کے چکر لگانے کی بجائے ایک ہی بار میں تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں عوام بالخصوص طلبہ و طالبات کو بہترین اور بروقت خدمات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔