قیدیوں کےساتھ انسانی ہمدردی ، جیل رولز کے مطابق برتاو یقینی بنایا جائے، فاروق نذیر

لاہور:(مرزا ندیم بیگ )عید الاضحی پر پنجاب کی مختلف جیلوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات ،قیدیوں اور حوالاتیوں کو عید کی مناسبت سے خصوصی کھانے پیش کئے گئے، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور محکمہ جیل خانہ جات کے افسران عید کے ایام میں فیلڈ میں متحرک رہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایات پر بڑے شہروں، حساس مقامات، عیدگاہوں، مساجد، امام بارگاہوں، ریلوے سٹیشنز، بس اڈوں، مویشی منڈیوں اور تفریحی مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی، داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی، مشکوک افراد کی چیکنگ اور پٹرولنگ میں اضافہ کیا گیا جبکہ ڈولفن فورس، پولیس ریسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس اور ٹریفک پولیس کے خصوصی دستے بھی ڈیوٹی پر مامور رہے،آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر میاں سالک جلال ،سپرنٹنڈنٹ جیل ظہیر ورک سمیت جیل افسران نے عید کی نماز کیمپ جیل میں ادا کی۔

جیل ذرائع کے مطابق ناشتے میں حلوہ پوری اور چنے جبکہ دوپہر اور رات کے کھانے میں پلاو، قورمہ، مٹن یا چکن اور میٹھے میں سویاں پیش کی گئیں بعض جیلوں میں قیدیوں کو عید کی خوشیوں میں شریک رکھنے کےلئے خصوصی دعاﺅں، ملاقاتوں اور صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی کئے گئے،آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے عید کے موقع پر مختلف جیلوں کے دورے کئے اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی، سکیورٹی اور کھانے کے معیار کا جائزہ لیا، انہوں نے ڈیوٹی پر مامور افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی قیدیوں کے ساتھ انسانی ہمدردی، قانون اور جیل رولز کے مطابق برتاو یقینی بنایا جائے۔