لیونل میسی انجری کا شکار، ورلڈکپ میں شرکت مشکوک

میامی (مشرق نیوز) ارجنٹائن کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی کی انجری سے متعلق خدشات نے فٹ بال مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی فٹ بال لیگ کے ایک میچ میں انٹر میامی کی نمائندگی کرتے ہوئے میسی کو کھیل کے دوران تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد انہوں نے خود ہی متبادل کی درخواست کی اور میدان سے باہر چلے گئے۔

یہ واقعہ فلاڈیلفیا یونین کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پیش آیا جہاں بارش کے باعث گیلا میدان کھلاڑیوں کیلئے مشکل ثابت ہو رہا تھا۔ میچ کے 73ویں منٹ میں میسی کو اپنی بائیں ٹانگ کے پچھلے حصے کو پکڑتے دیکھا گیا جس کے بعد انہیں فوری طور پر میدان سے باہر بلا لیا گیا تاہم وہ ڈگ آوٹ کی جانب جاتے ہوئے نارمل انداز میں چلتے دکھائی دئیے۔

بعد ازاں ٹیم کے کوچ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معاملہ زیادہ سنگین محسوس نہیں ہوتا اور احتیاطی تدابیر کے طور پر میسی کو آرام دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خراب گراونڈ اور مسلسل کھیل کی وجہ سے میسی تھکن کا شکار تھے اسلئے کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچنے کیلئے انہیں تبدیل کیا گیا۔

واضح رہے کہ 38 سالہ میسی نے اب تک باضابطہ طور پر ورلڈ کپ کھیلنے کی تصدیق نہیں کی ہے تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ وہ دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کی جانب سے اپنے کیریئر کا چھٹا ورلڈ کپ کھیلیں گے۔