پاکستان،روس ٹیکنالوجی شعبے میں تعاون بڑھانے پر متفق، معاہدوں کی راہ ہموار

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان ،روس ٹیکنالوجی شعبے میں تعاون بڑھانے پر متفق، کاروباری معاہدوں کی راہ ہموار ، دونوں ممالک کی حکومتوں، صنعتی تنظیموں ، معروف ٹیکنالوجی کمپنیوں نے مشترکہ منصوبوں، سرمایہ کاری ،نئی منڈیوں تک رسائی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا

سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) ،ماسکو کی یونیورسٹی آف ورلڈ سویلائزیشنز کے اشتراک سے پاکستان ،روس کے درمیان آئی ٹی تعاون کے موضوع پر ویبینار ہوا،ویبینار سیریز کے تیسرے اجلاس میں دونوں ممالک کے وزرا ، صنعتی نمائندوں ، ٹیکنالوجی کمپنیوں نے شرکت کی۔

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان ، روس کا تعاون جدت، سرمایہ کاری ،معاشی ترقی کو فروغ دے سکتا ہے، دونوں ممالک کو روایتی تعاون سے آگے بڑھ کر ٹیکنالوجی پر مبنی مشترکہ منصوبوں ،عالمی منڈیوں میں مقابلے کی صلاحیت رکھنے والی مصنوعات کی تیاری پر توجہ دینی چاہیے،قومی معاشی تبدیلی کے منصوبے ”اڑان پاکستان“ میں ای پاکستان 5اہم ترجیحی شعبوں میں شامل ہے، مقصد 2035 تک ملکی معیشت کو ایک ہزار ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔

احسن اقبال نے کہاپاکستان میں ہر سال 75 ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس تیار ہو رہے ہیں، 2030 تک مصنوعی ذہانت کے 10 لاکھ ماہرین تیار کرنے کا ہدف مقرر کر دیا، تحقیق، جدت ، صنعت کے درمیان روابط مضبوط بنانے کےلئے 7نئے مصنوعی ذہانت کے مراکز بھی قائم کیے جا رہے ہیں،بات چیت کو عملی معاشی نتائج میں تبدیل کرنے کا وقت ہے، دونوں ممالک کی کمپنیوں کو مشترکہ منصوبوں، آزمائشی منصوبوں اور نئی منڈیوں تک رسائی کےلئے کام کرنا چاہیے۔