مشرق وسطیٰ کا غنڈہ ایران مذاکرات کرنا چاہتا، رابطے میں ہے: ٹرمپ

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران، امریکہ کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا چاہتا ہے، بات چیت کا سلسلہ برقرار ہے اور امریکہ کے پاس مذاکرات کیلئے وقت موجود ہے۔ وائٹ ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ سے تہران کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ بات چیت ہورہی ہے، ایران مذاکرات کرنا چاہتا ہے اور مسلسل رابطے میں ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ روایتی نوعیت کی جنگ نہیں، ایران کے جوہری ہتھیار کے خاتمے کیلئے بہت زیادہ رقم خرچ کی اور یہ مقصد حاصل کرلیا گیا ہے۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ایران جنگ پر امریکی ٹیکس دہندگان کے زیادہ پیسے خرچ نہیں ہو رہے۔

فلوریڈا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار کے حصول سے روک دیا، امریکہ نے ایران کے ساتھ جنگ شروع نہیں کی، ایران 1979 سے امریکہ کے خلاف جنگ کر رہا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایران مشرق وسطیٰ کا غنڈہ ہے، امریکہ وینزویلا سے ایران جنگ پر خرچ رقم سے تقریباً دس گنا زیادہ کما چکا ہے، آبنائے ہرمز سے اب جنگ سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیل گزر رہا ہے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایرانی قیادت اپنی فوج کو تنخواہیں بھی نہیں دے پا رہی، ایران مذاکرات چاہتا ہے،وہ ہم سے بات کر رہے ہیں۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ امریکی تجویز پر امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے قطری ثالثوں اور ایرانی حکام کے درمیان تہران میں طویل بات چیت ہوئی ہے۔