اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا، کشمیری مرد و خواتین اور بچوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا عالمی برادری جموں و کشمیر تنازع کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن کشمیریوں کی جدوجہد کے حوالے سے ہماری بھرپور تائید کا اعادہ ہے، کشمیری تنازعات، پابندیوں اور بنیادی حقوق سے محرومی کا سامنا کر رہے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کے المناک باب کی یاد دلاتا ہے، 79 برس گزرنے کے باوجود کشمیری عوام حق خودارادیت سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جرات اور ثابت قدمی ان کی جدوجہد کا روشن ثبوت ہے، مسئلہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
مسئلہ کشمیر حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں: صدر، وزیراعظم

















