تنازعات مذاکرات سے حل کیے جائیں،پاکستان، برطانیہ سمیت 8ملکوں کا مشترکہ اعلامیہ


اسلام آباد،استنبول:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، مصر، فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے علاقائی تنازعات کے حل کےلئے مذاکرات، سفارتکاری اور کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے تمام زیرالتوا تنازعات کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔

ترکیہ کے شہر استنبول میں ہونےوالے 8ملکی اجلاس کے بعد جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے کے مطابق وزرائے خارجہ نے امریکہ ، اسرائیل کے ایران کےساتھ تنازع، اسرائیل فلسطین تنازع، غزہ میں دو ریاستی حل کی ضرورت، سعودی عرب ، یمن کی حکومت پر حوثی ملیشیا کے حملوں ،خطے کی اہم بحری گزرگاہوں کی سلامتی سمیت متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال کیا،آبنائے ہرمز، باب المندب اور بحیرہ اسود میں بڑھتی کشیدگی، جہاز رانی کی آزادی اور بحری راستوں کے تحفظ پر بھی بات چیت ہوئی۔

وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا علاقائی تنازعات کے سکیورٹی، معیشت اور تجارت پر مرتب ہونے والے اثرات سے نمٹنے کےلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنا ضروری ہے،مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا آٹھوں ممالک خطے اور باہر امن و استحکام کے فروغ کےلئے سفارتی اقدامات میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے،تنازعات کی روک تھام ،خطے میں امن و استحکام کو آگے بڑھانے کےلئے اسی فارمیٹ میں مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیاگیا۔