ملتان میں یتیم بچے کی ہلاکت ، ملزم کی سی سی ڈی منتقلی کی تفصیلات منظرعام پر

ملتان (مشرق نیوز) ملتان میں 15 سالہ یتیم لڑکے کی ہلاکت میں گرفتار ملزم کی سی سی ڈی بہاولپور منتقلی کیسے ہوئی؟کس ایکٹ کے تحت ملزم کی منتقلی ہوئی اور کس کی درخواست پر ملزم کو بہاولپور سی سی ڈی منتقل کیا گیا؟ تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملتان میں رات کو ہونے والی ایک میٹنگ میں سی سی ڈی افسران نے موقف اختیار کیا تھا کہ توقیر نذیر کا کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ نہیں اور مقدمہ ہائی پروفائل کیس کے زمرے میں بھی نہیں آتا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بعد میں لاہور سے سی سی ڈی کے ایک اعلیٰ افسر کی مداخلت پر معاملہ آگے بڑھا جبکہ سی پی او ملتان اختر فاروق کا کہنا تھا کہ مقدمہ سی سی ڈی کی درخواست پر منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی طاہر مجید کا کہنا ہے کہ 17 مختلف نوعیت کے سنگین جرائم سی سی ڈی کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں تاہم ایس او پیز کے تحت فی الحال 6 سے 7 نوعیت کے جرائم پر کام کیا جا رہا ہے، آرڈیننس میں مقدمات سی سی ڈی کو منتقل کرنے کا اختیار موجود ہے۔