پاکستان ،ویٹی کن کا بین المذاہب ہم آہنگی ،پرامن بقائے باہمی کے فروغ پر اتفاق


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان ،ویٹی کن نے بین المذاہب ہم آہنگی ،پرامن بقائے باہمی کے فروغ پر اتفاق کرلیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور ہولی سی کے سیکرٹری برائے تعلقات ریاست آرچ بشپ پال رچرڈ گلاگر کے درمیان ملاقات میں مکالمے، علاقائی و عالمی امن اور مختلف مذاہب کے درمیان افہام و تفہیم کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آرچ بشپ کا خیرمقدم کیا اور امن، بین المذاہب ہم آہنگی ،مکالمے کے فروغ میں کردار کو سراہا۔

آرچ بشپ پال رچرڈ گلاگر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان ثالثی، مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے خطے میں امن کے قیام کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے،اسحاق ڈار نے پوپ لیو چہاردہم کی جانب سے امن ، مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کیلئے کئے جانے والے اصولی مطالبات کو سراہااورفلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔