میسی کے الوداع پر رونالڈو کا جذباتی پیغام

بیونس آئرس/ لزبن (مشرق نیوز) ارجنٹائن کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی کے شاندار بین الاقوامی سفر کے اختتام پر دنیا بھر سے انہیں خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔ فٹ بال کی دنیا میں میسی کے دیرینہ حریف پرتگال سے تعلق رکھنے والے سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے بھی اپنے پیغام کے ذریعے میسی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

میسی نے بینن کے خلاف ارجنٹائن کی 0-3 سے کامیابی میں ایک گول کیا اور دو گولز میں معاونت کی۔ بیونس آئرس کے مونومینٹل سٹیڈیم میں 85 ہزار سے زائد شائقین نے اپنے ہیرو کو جذباتی انداز میں الوداع کہا۔ تقریب میں موسیقی، خصوصی خراج تحسین اور ڈرون شو بھی شامل تھا۔

میسی کی الوداعی تقریب کے بعد رونالڈو نے ان کی انسٹاگرام پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک کی نمائندگی میں میسی نے جو مقام حاصل کیا، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اور انہوں نے ارجنٹائن کیلئے میسی کی کامیابیوں کو سلام پیش کیا۔ میسی اور رونالڈو نے دو دہائیوں سے زائد عرصے تک عالمی فٹ بال پر حکمرانی کی اور مسلسل ایک دوسرے سے موازنہ کیا جاتا رہا۔

اب دونوں اپنے کیریئر کے آخری مرحلے میں ہیں، اس لیے شائقین کیلیئے بہتر یہی ہے کہ بحث اور مقابلے سے بڑھ کر ان دونوں عظیم کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیتوں سے لطف اٹھایا جائے۔