کابل (مشرق نیوز) افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے پاکستان سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، توقع ہے سعودی عرب اس معاملے میں اہم کردار ادا کریگا۔ عرب میڈیا کو انٹرویو میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان پاکستان سے بات چیت اور تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے، تنازعات حل کرانے کیلئے سعودی عرب سمیت تمام ممالک کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
ذبیح اللہ نے کہا کہ سعودی عرب سے توقعات ہیں کہ دوست ہونے کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرے، سعودی عرب اس معاملے میں مثبت کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان عوام کے دل میں بھی سعودی عرب اور دونوں مقدس مساجد کیلئے بہت محبت اور احترام ہے، امید ہے سعودی حکام ثالثی کی اپنی کوششیں موثر انداز میں جاری رکھیں گے، امید ہے سعودی حکام افغانستان اور پاکستان کے درمیان موجود مسائل کو حل کرنے میں مدد کریں گے، ہم سعودی عرب کے فیصلوں اور اس کی ثالثی کی کوششوں کا احترام کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان بارہا واضح کر چکا ہے کہ افغانستان سے ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو، افغان طالبان پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والی بھارتی پراکسیز اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کریں۔
پاکستان سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، سعودی عرب کردار ادا کرے: افغان طالبان

















