برآمدات میں اضافے کو معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستانی مصنوعات کے معیار کو عالمی بنانے کےلئے موثر اقدامات ،برآمدات میں اضافے کو ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاروایتی شعبوں کےساتھ مزید شعبوں کو بھی عالمی منڈیوں میں برآمدات کےلئے تیار ، تجارت کو متنوع بنانے کےلئے زیادہ سے زیادہ شعبوں ،صنعتوں کو برآمدی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے، پاکستانی مصنوعات کے معیار کو عالمی بنانے، کوالٹی انشورنس کے نظام کو موثر بنانے اور بین الاقوامی معیار و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے موثر اقدامات لیے جائیں، برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی میں قدر ، مسابقت دونوں میں اضافہ ہو۔

شہبازشریف نے ہدایت کی برآمدی صنعتوں کےلئے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق ،جدت کو فروغ ،معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کےلئے ڈیجیٹلائزیشن ،جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے، برآمد کنندگان کو درپیش انتظامی ،کاروباری رکاوٹیں دور ، برآمدی عمل کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنایا جائے۔

دریں اثناوزیراعظم سے گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی ،صوبے کے مجموعی سیاسی حالات، امن و امان اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،شہبازشریف نے کہاوفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی ترقی اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کےلئے کام جاری رکھے گی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی،حالیہ مون سون سیزن میں شدید بارشوں ،ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کےلئے پیشگی انتظامات پر بریف کیا۔

شہبازشریف نے ہدایت کی بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد ،ریلیف فراہم کرنے کےلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں،بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی یقینی ،امدادی سامان کی ترسیل کیلئے متعلقہ محکموں کے ساتھ روابط بڑھائے جائیں۔