وعدہ کریں ہم سب زندگیاں بچانے کی تربیت حاصل کریں گے: صوبائی وزیر ایمرجنسی

لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی وزیر برائے ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے کے موقع پر شہریوں پر زور دیا کہ ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے پر وعدہ کریں کہ وہ زندگیاں بچانے کی تربیت حاصل کریں گے اس مقصد کیلئے قریبی ریسکیو 1122 اسٹیشن جائیں اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت حاصل کرکے لائف سیور بنیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق لائف سیور پروگرام کو کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کیلئے لازمی قرار دیا جا رہا ہے جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے اس کورس کیلئے کریڈٹ آورز بھی مختص کر دئیے گئے ہیں تاکہ نوجوان تربیت یافتہ لائف سیور بن کر انسانی جانیں بچانے میں م¶ثر کردار ادا کرسکیں۔ شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 عالمی معیار کی ایمرجنسی سروسز فراہم کر رہا ہے اور آج سے لائف سیورز مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اجتماعی کوششوں کے ذریعے قیمتی انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں، جبکہ تربیت یافتہ شہری ایمبولینس کی آمد سے قبل بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے جان بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اس لیے پاک لائف سیور کے نیک مشن میں ریسکیو 1122 کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ایمرجنسی سروسز کی استعداد کو نیکسٹ لیول پر لے جا رہے ہیں اور ریسکیو 1122 پاکستان میں عالمی معیار کی ایمرجنسی سروسز فراہم کر رہی ہے۔لوگوں کی زندگی بچانا ایک تحریک، جدوجہد اور مشن ہے۔ریسکیورز روزانہ مریضوں کی منتقلی، فائر فائٹنگ اور فلڈ ریسپانس میں شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں،آگ سے بھرے ہوئے ڈھانچے میں داخل ہوکر جانیں بچانا غیر معمولی حوصلے کا کام ہے۔ ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے کی تقریب کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، شمع چوک لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر برائے ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، ریسکیو 1122 کے سینئر افسران، ریسکیورز، ریسکیو کیڈٹس، رضاکاروں، طلبہ، اساتذہ اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے دوستوں اور اہل خانہ کو پاک لائف سیور ایپ ڈا¶ن لوڈ کرکے ابتدائی طبی امداد کی تربیت حاصل کرنے اور لائف سیونگ مشن میں شامل ہونے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ شہری پیشہ ورانہ ایمرجنسی سروسز کی آمد سے قبل بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے انسانی جانیں بچانے میں موثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ ریسکیو 1122 اب تک 2 کروڑ 11 لاکھ سے زائد افراد کو ریسکیو سروسز فراہم کرچکا ہے، جبکہ موٹربائیک ریسکیو سروس نے 51 لاکھ سے زائد ایمرجنسیز پر اوسطاً 4 منٹ کے رسپانس ٹائم کے ساتھ بروقت خدمات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 نے 51 لاکھ سے زائد روڈ ٹریفک حادثات پر بھی ریسپانڈ کیا، جبکہ ریسکیو 1122 فائر سروس نے 2 لاکھ 98 ہزار 867 آتشزدگی کے واقعات پر پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے 805 ارب روپے سے زائد مالیت کے املاک کے نقصانات کو بچایا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاءنے فرسٹ ایڈ، سی پی آر اور خون بہنے سے روکنے کی مہارتوں کے فروغ اور ایمرجنسیز کے دوران فرسٹ ریسپانڈرز کے طور پر اپنا فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران رضاکاروں نے سی پی آر اور خون بہنے سے روکنے کے حوالے سے تربیت حاصل کی اور عملی مظاہرہ کیا، جبکہ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اور دیگر شرکاءنے بھی عملی لائف سیونگ تربیت میں حصہ لیا۔