وزیراعلیٰ کے پی چارٹر طیارے پرسٹریٹ موومنٹ چلا رہا ہے،عظمیٰ بخاری


لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا چارٹر طیارے پر سٹریٹ موومنٹ چلا رہا ہے، جہاز جہاز کے بین ڈالنے والے یوٹیوبر کہاں مر گئے ؟،چارٹر طیارے کا خرچہ خیبر پختونخوا کے عوام کو کتنے میں پڑے گا؟ صوبے کے پاس تنخواہیں دینے اور گندم خریدنے کے پیسے نہیں، وزیراعلیٰ چارٹر طیارے پر سیر کر رہا ہے، کیا چارٹر طیارے کا خرچہ مڈل کلاس وزیراعلیٰ خود برداشت کرےگا؟۔

عظمیٰ بخاری نے کہا چارٹر طیارے پر مڈل کلاس وزیراعلیٰ کے ہمراہ یوٹیوبر بھی ہیں جن کو پنجاب کے جہاز کی تکلیف تھی ان کا وزیراعلیٰ اب چارٹر طیاروں پر سیر سپاٹے کر رہا ہے جو جرم خود کرتے ہیں،الزام دوسروں پر لگاتے ہیں، پی ٹی آئی کا لیڈر بھی ساری عمر چور چور کی گردان کرتا رہا، خود سب سے بڑا چور نکلا، بدقسمتی ہے، ان کو کون سا ٹائٹل دیا جائے؟۔

وزیر اطلاعات نے کہا کے پی حکومت کو چارٹر طیارے کے مسافروں کی لسٹ، رقم کی ادائیگی اور ٹریکنگ ڈیٹا جاری کرنا چاہیے جو فلائٹ نمبر اور بورڈ کارڈ دکھایا جا رہا ہے وہ فلائٹ اسلام آباد سے بہاولپور جاتی ہے، جس فلائٹ میں انہوں نے سفر کیا وہ رحیم یار خان گئی، مطلب وہ چارٹر فلائٹ ہے،اب زبانی جمع خرچ نہیں چلے گا، رسیداں کڈو رسیداں۔