لاہور،مریدکے،فیر وزالہ: (کرائم رپورٹر،نمائندہ خصوصی،نامہ نگار)بادامی باغ لاہور میں پولیس اہلکاروںکو فائرنگ کرکے شہید کرنےوالا دہشتگرد باپ سمیت مریدکے میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں ہلاک ،ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا۔
اہلکاروں کو شہید کرنے کے بعد ملزموں کو راوی ریان حسین ٹاون کے علاقے میں پناہ نہ ملی ،چھینی گئی گاڑی چھوڑ کر ویرانے کی طرف پیدل سفر شروع کر دیا، پولیس کی مستند ٹیمیں تعاقب کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مریدکے پہنچیں ،مشکوک علاقوں کا گھیراو کیا،سحری کے قریب ملز موں نے سکیورٹی اداروں کو چکمہ دے کر فرار ہونے کی کوشش کی مگر ناکام رہے ، سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ سے خطرناک دہشتگرد ریحان باپ فیاض بٹ سمیت مار اگیا،پولیس کی تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر لیے اور نعشوںکوہسپتال منتقل کر دیا۔
دریں اثنا پولیس نے اہلکاروں کی شہادت کے 2الگ الگ مقدمات دہشتگردی،قتل،اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کرلیے۔
علاوہ ازیں ٹارگٹڈ حملے کے معاملے پر 2پولیس اہلکاروں کو دہشتگردوں سے رابطے کے سلسلے میں حراست میں لے لیا گیا،اے ایس آئی جمشید اور کانسٹیبل غلام فرید شامل ہیں،اے ایس آئی ،دہشتگرد ریحان بٹ کی سوشل میڈیا پر اکٹھی تصاویر موجود ہیں،دونوں پولیس اہلکاروں کا حملے میں ملوث دہشتگرد سے رابطہ تھا۔
دریں اثنا شہید سب انسپکٹر عدیل عاشق، ہیڈ کانسٹیبل اسد اور کانسٹیبل حارث سلیم کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور میں ادا کر دی گئی، کور کمانڈر لاہور، صوبائی وزیر خزانہ، چیف سیکرٹری و سیکرٹری داخلہ پنجاب، آئی جی ، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز سمیت عسکری و قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے سینئر افسروں ،پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، کمانڈر لاہور کور نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی جانب سے شہدا کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے، وزیر خزانہ، کور کمانڈر لاہور، چیف سیکرٹری، ڈی جی رینجرز پنجاب، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور ،سول و افواج پاکستان کے دیگر افسروں نے بھی شہداکے جسد خاکی پر پھول چڑھائے ۔
کور کمانڈر لاہور، آئی جی ،پولیس و عسکری قیادت نے شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات کی ،فرض کی راہ میں شہدا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاشہداکی فیملیز کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، دیکھ بھال،ویلفیئر کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔
شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا،ملوث دہشتگرد باپ سمیت مقابلے میں ہلاک


















