قومی اتحاد و استقامت کی ضرورت،غیر ملکی پراکیسز کے عزائم کو شکست دیں گے،فیلڈ مارشل

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاہے قومی اتحاد و استقامت کی ضرورت،مضبوط و فیصلہ کن ردعمل سے غیر ملکی پراکیسز کے عزائم کو شکست دیں گے۔

جی ایچ کیو میں 20ویں نیشنل ورکشاپ میں بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاعوام کی مستقل حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن قائم ہوگا ،سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں جاری ہیں،ملک سے دہشتگردی ،حامیوں کا مکمل خاتمہ کیاجائےگا،فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پورے عزم کےساتھ جاری رہیں گے،پاکستان ،عوام کیلئے خطرہ بننے والے دہشتگردوں کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کریں گے۔

سید عاصم منیر نے کہا غیرملکی سپانسرڈ پراکسیز نے بلوچستان میں امن خراب کرنے ،تشدد کو مسلسل ہوا دینے،استحکام کونقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن افواج پاکستان مضبوط وفیصلہ کن ردعمل کے ذریعے غیرملکی پراکسیز کے عزائم کو شکست دیں گی،قدرتی دولت سے مالا مال بلوچستان پاکستان کافخر،اللہ نے بلوچستان کو محب وطن لوگوں سے نوازا جوصوبے کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔

فیلڈ مارشل نے ملک کے مستقبل کی سمت ترتیب دینے کیلئے قومی اتحاد اور استقامت کی ضرورت پر زور دیا اور بلوچستان میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہامنصوبوں کا مقصد عوامی نقطہ نظر کے ذریعے بلوچستان کے سماجی و اقتصادی منظر نامے کو بدلنا ہے،شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خودمختاری کےلئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ۔