لاہور(خبر نگار)بلدیہ عظمیٰ لاہور کے شعبہ پلاننگ نے داتا گنج بخش زون میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایک بڑا آپریشن کیا ہے، جس کی نگرانی میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز حسن نے کی۔ انتظامی نظم و نسق کی بحالی اور بلدیاتی قوانین کے نفاذ کیلئے کی جانے والی اس کارروائی کے دوران ضوابط کی سنگین خلاف ورزی پر 5 عمارات کو مسمار کر دیا گیا جبکہ نقشہ جات کی عدم موجودگی اور غیر قانونی حیثیت پر 4 عمارات کو موقع پر سربمہر کر دیا گیا۔ یہ کارروائی شہر کے انتہائی اہم اور گنجان آباد تجارتی و رہائشی علاقوں میں کی گئی جن میں ہال روڈ، بیڈن روڈ، ساندہ روڈ، نصیرالدین روڈ، برانڈتھ روڈ اور اسلام پورہ شامل ہیں۔ اس کارروائی کو شہر میں انتظامی اصلاحات اور سرکاری ریونیو کے تحفظ کے تناظر میں انتہائی اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ بغیر منظوری اور کمرشلائزیشن فیس کی ادائیگی کے قائم ہونے والی یہ عمارات جہاں ایک طرف بلدیہ عظمیٰ کے ریونیو کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا رہی تھیں، وہیں دوسری طرف دیگر مالکان کیلئے واجب الادا فیسوں کی فوری ادائیگی کا ایک واضح اور سخت پیغام بھی ہیں۔ انتظامی لحاظ سے ہال روڈ، بیڈن روڈ اور برانڈتھ روڈ جیسے بڑے کاروباری مراکز میں ان غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے ٹریفک کا بہاو شدید متاثر ہو رہا تھا اور شہری انفراسٹرکچر پر بوجھ بڑھ رہا تھا، لہذا اس آپریشن سے نہ صرف شہر کے ماسٹر پلان پر عملدرآمد یقینی بنے گا بلکہ مستقبل میں پارکنگ اور دیگر بلدیاتی مسائل پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز حسن کا کہنا ہے کہ ریونیو چوری اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور بغیر منظور شدہ نقشہ جات کے قائم ہونے والی کسی بھی عمارت کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا یہ سلسلہ جاری رہیگا۔
داتا گنج بخش زون میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف بڑا آپریشن ،5 عمارات مسمار، 4 سربمہر


















