لاہور ، مریدکے، سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلوں میں 5ملزمان ہلاک، ساتھی فرار

لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت لاہور اور مریدکے میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی )کے ساتھ مبینہ مقابلوں کے دوران 5ملزمان مارے گئے جبکہ ساتھی ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ لاہور میں ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے کہ ٹیم کے پہنچنے پر انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی کے دوران دو ملزمان موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ تین فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان ریکارڈ یافتہ اور متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ان ملزمان نے ایک روز قبل ڈکیتی کے دوران ایک شہری کو قتل بھی کیا تھا۔ہلاک ہونے والے ڈاکوں کی شناخت عمر مقبول اور فیصل کے ناموں سے ہوئی ہے۔ موقع سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے جبکہ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب مریدکے میں دو مبینہ پولیس مقابلوں میں تین اشتہاری ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ، مارے جانے والے تینوں ملزمان قتل ، اغوا اور ڈکیتی کی وارداتوں کے ریکارڈ یافتہ تھے اور تینوں کا تعلق مریدکے سے ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ سی سی ڈی پولیس مریدکے نے چند روز قبل جی ٹی روڈ پر دوران ڈکیتی تاجر فرمان کو قتل کرنے والے دو ڈاکوﺅں عمر آور فیصل کو تفتیش کے سلسلہ میں کالا شاہ کاکو کے علاقے میں لیجا رہے تھے کہ ان کے مسلح موٹر سائیکل سوار ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کر دیا۔ ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے دونوں ملزم مارے گئے جبکہ حملے میں پولیس گاڑی کو بھی نقصان پہنچا تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے ۔اسی طرح سادھوکی کے قریب جی ٹی روڈ پر بدنام زمانہ اشتہاری ملزم ندیم کو سی سی ڈی پولیس تفتیش کیلئے لیجا رہی تھی کہ اس کے ساتھیوں نے حملہ کر دیا ،اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے ندیم مارا گیا ۔پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے ۔پولیس کے مطابق ملزم ندیم کا تعلق مریدکے کی آبادی حدوکی عمر کا تعلق گلشن ظفر اور فیصل کا تعلق داﺅکی سے ہے ۔تینوں ملزمان قتل ، اغواءاور ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے ،انکے ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ لاشیں ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی ہیں۔