تہران (مشرق نیوز) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران کے حقِ دفاع سے متعلق یورپی یونین کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے ’منافقانہ اور غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ یورپی یونین کو بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں پر قائم رہنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے ممالک کو مورد الزام ٹھہرانا درست نہیں جو غیرقانونی حملوں کے جواب میں اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہیں۔ ایرانی ترجمان نے زور دیا کہ یورپی یونین کو ان ممالک پر تنقید بند کرنی چاہیے جو اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کیلئے اقدامات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت ایسے فوجی اڈوں اور عسکری وسائل کو نشانہ بنانا، جو کسی ملک کے خلاف حملوں کیلئے استعمال ہوں، حق دفاع کے دائرے میں آتا ہے۔ اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ہر ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی سرزمین، فضائی حدود یا وسائل کو کسی دوسرے ملک کے خلاف حملوں کیلئے استعمال ہونے سے روکے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اعتماد کے فقدان اور لبنان کے حوالے سے امریکہ اور اسرائیل کی مسلسل بدلتی ہوئی پالیسیوں نے سفارتی عمل کو سست کر دیا ہے۔ انکے مطابق موجودہ حالات میں لبنان میں جنگ بندی انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ لبنان میں جنگ بندی، امریکہ کے ساتھ جنگ کے خاتمے سے متعلق کسی بھی ممکنہ معاہدے کا لازمی اور بنیادی حصہ ہونی چاہیے۔
ایران کے حق دفاع پر یورپی یونین کا اعتراض منافقانہ ہے: اسماعیل بقائی


















