امریکی رکن کانگریس کا وزیراعظم، فیلڈ مارشل کے نام تعریفی خط،جنگ بندی کردار کا اعتراف


واشنگٹن،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امریکہ ایران جنگ بندی میں پاکستان کے کلیدی کردار کی عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ،امریکی رکن کانگریس جیک برگمین نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے نام تعریفی خط لکھ دیا،کانگریشنل پاکستان کاکس کی جانب سے پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کےلئے مخلصانہ تشکر و دائمی قدردانی کا اظہار کیا گیا۔

کانگریشنل پاکستان کاکس کے شریک چیئرمین و امریکی رکن کانگریس جیک برگمین نے کہا پاکستان کا امریکہ ،ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا حقیقی ریاستی بصیرت کا ثبوت ہے،فریقین کے درمیان جاری امن مذاکرات میں پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کی رہنمائی پر دلی طور پر مشکور ہوں۔

جیک برگمین نے کہا وائٹ ہاوس اور امریکی کانگریس پاکستان کے منفرد و مثبت سفارتی کردار کا عوامی سطح پر اعتراف کرچکے ،دیرپا سٹریٹجک اہمیت کے حامل پاک امریکہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کےلئے جلدپاکستان کا دورہ کروں گا۔

دوسری جانب وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی ازبکستان کے وزیرخارجہ بختیار سیدوف سے ٹیلیفونک گفتگو ،دونوں رہنماوں نے علاقائی صورتحال ،باہمی و کثیرالجہتی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، ازبک وزیرخارجہ بختیار سیدوف نے علاقائی امن و سلامتی کےلئے پاکستان کے ثالثی کردار کو بھی سراہا،ترجمان نے کہا نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے قریبی روابط قائم رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔