ورثہ صرف تاریخ نہیں، روزگار اور معیشت کا بھی اہم ذریعہ ہے: صدر زرداری

اسلام آباد (مشر ق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے 18 اپریل، عالمی یوم ورثہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ثقافتی شناخت کے تحفظ کے عہد کی تجدید کا دن ہے، ورثہ صرف تاریخ نہیں، روزگار اور معیشت کا بھی اہم ذریعہ ہے۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا ہے کہ یونیسکو کے پلیٹ فارم کے ذریعے عالمی سطح پر ورثے کے تحفظ کی اہمیت اجاگر ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان قدیم تہذیبوں کا گہوارہ ہے جہاں سنگی دور سے لیکر مغلیہ عہد تک ایک بھرپور تاریخی تسلسل موجود ہے، موہن جو داڑو اور مہر گڑھ سمیت دیگر تاریخی مقامات بھی قومی شناخت کی بنیاد ہیں۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت نے گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے فن پاروں کو عالمی توجہ کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ورثہ ناصرف تاریخی اہمیت رکھتا ہے بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

صدر زرداری نے واضح کیا کہ سیاحت کے فروغ میں تاریخی مقامات کلیدی کردار ادا کرتے ہیں جس سے اقتصادی سرگرمیوں کو تقویت ملتی ہے۔ انکا نوجوانوں اور مقامی کمیونٹیز پر زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ورثے کے تحفظ میں فعال کردار ادا کریں جبکہ حکومت جدید تکنیکوں کے ذریعے ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ قومی ورثے کا تحفظ ہر شہری کی ذمے داری ہے اور یہ ناصرف ہماری پہچان بلکہ معاشی ترقی کا بھی موثر ذریعہ ہے۔