بھارتی اداکارہ تریشا کرشنن کے گھر کو بم سے اڑانے کی دھمکی

چنائی (مشرق نیوز) جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ تریشا کرشنن کے چنائی میں واقع گھر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دیے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے جس سے شوبز حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تمل ناڈو کے ڈی جی پی کنٹرول روم کو ایک ای میل موصول ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ کی رہائشگاہ کیساتھ ساتھ بنگلہ دیشی ڈپٹی ہائی کمشنر کے گھر پر بھی بم نصب کئے گئے ہیں۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے فوری طور پر دونوں مقامات کا گھیراو کر کے مکمل تلاشی لی تاہم بعد ازاں یہ دھمکی بے بنیاد اور محض افواہ ثابت ہوئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں اس نوعیت کی جعلی ای میل میں اضافہ ہوا ہے جن میں معروف شخصیات کو نشانہ بنانے کی بات کی جاتی ہے لیکن اب تک تمام اطلاعات غلط ثابت ہوئی ہیں۔ اس معاملے کی مزید چھان بین جاری ہے۔

یاد رہے کہ 43 سالہ تریشا کرشنن کا شمار جنوبی بھارت کی مہنگی اداکاراوں میں ہوتا ہے اور اس سے قبل رجنی کانت اور دھنوش جیسے بڑے ناموں کو بھی اسی نوعیت کی جھوٹی دھمکیاں دی جا چکی ہیں۔