اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں پہلے 7 ماہ میں 7.11 فیصد یا 1.34 ارب ڈالر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دستاویز کے مطابق جولائی تا جنوری ملکی برآمدات 19.58 ارب ڈالر سے گر کر 18.19 ارب ڈالر رہ گئیں، جنوری 2026 میں ملکی برآمدات 35 فیصد بڑھ کر 3 ارب ڈالر سے زائد رہیں،جنوری میں ٹیکسٹائل 3.14 فیصد، مینوفیکچرنگ آلات کی ایکسپورٹ میں 12.73 فیصد اضافہ ہوا۔
7 ماہ میں غذائی اجناس کی ایکسپورٹس میں 35 فیصد یا 1.62 کروڑ ڈالرکی کمی آئی،اس دوران فوڈ ایکسپورٹس 4.61 ارب ڈالر سے کم ہوکر 2.98 ارب ڈالر رہ گئیں، چاول،آئل سیڈز،سبزیاں، گڑ، مصالحے، تمباکو، کاٹن مصنوعات کی برآمدات میں کمی دیکھی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم، سرجیکل،طبی آلات،لیدر،کینوس شوز کی برآمدات میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی،قالین، غالیچے،دریاں،گلوز،گڑ سے بنی مصنوعات کی ایکسپورٹس بھی گر گئیں،کیمیکلز، ادویات، کٹلری،پلاسٹک میٹریل،ٹرانسپورٹ سامان بھی شامل ہے، جمز،جیولری، ہینڈی کرافٹس مصنوعات کی ایکسپورٹس بھی گر گئیں۔
دستاویزات کےمطابق ٹیکسٹائل برآمدات میں 1.25 فیصد یا 13 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کا معمولی اضافہ ہوا ،7 ماہ میں ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 10.90 ارب ڈالر رہا،دیگر مینوفیکچرنگ گروپ کی برآمدات میں 5.17 فیصد کمی آئی۔
رپورٹ کے مطابق مینوفیکچرنگ آلات کی برآمدات کا حجم 2.38 ارب ڈالررہا،آٹو پارٹس، سیمنٹ، انجینئرنگ گڈز، الیکٹرک فین کی برآمدات میں اضافہ ہوا،میڈ ان پاکستان فٹ بال سمیت سپورٹس گڈزکی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا،خام کپاس، سوتی دھاگے،ریڈی میڈ گارمنٹس،ٹینٹ کی ایکسپورٹ بڑھ گئی، گندم، مچھلی اور پھلوں کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا،،الیکٹرک مشینری، ربڑ ٹائرز، ٹیوب، فرنیچر ایکسپورٹس میں بھی اضافہ ہوا،لیدر گارمنٹس، جوتے اور کھاد کی برآمدات بھی بڑھ گئیں۔
سات ماہ کے دوران برآمدات میں 1.34 ارب ڈالر کی کمی



















