راولپنڈی ،پشاور،کراچی:(بیورورپورٹ) باجوڑ میں چیک پوسٹ پر حملہ پسپا،12خوارج جہنم واصل،11جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج نے بزدلانہ حملے کی کوشش کی،چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنے کامنصوبہ خاک میں ملنے پرحملہ آوروں نے دھماکہ خیز گاڑی دیوار سے ٹکرادی،جوانوں نے فوری فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے12خوارج کو ہلاک کردیا،شدید دھماکے کے باعث چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر منہدم ہو گیا،11جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا دھماکے سے قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، کمسن بچی شہید ،خواتین اور بچوں سمیت 7 شہری زخمی ہوگئے،قومی ایکشن پلان کے تحت ویژن عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کےخلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہےں گی ،بہادر جوانوں ،معصوم شہریوں کی قربانیاں ناسور کے مکمل خاتمے اور وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
دوسری جانب صدر،وزیراعظم ،وزیر داخلہ نے 11 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہابہادر سپوتوں نے جان دےکر 12 دہشتگردوں کو جہنم رسید کیا، فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے والے جوانوں کی جرات کو سلام،شہدا کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،ناسور کاخاتمہ کرکے دم لیں گے۔
ادھر خیبرپختونخوا پولیس، ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی نے انتہائی مطلوب سمیت 3دہشتگردوں کو ہلاک کردیا،مشترکہ آپریشن کبل گرام کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں کیا گیا،جہنم واصل ہونے والے دہشتگردوں میںسے نور اسلام کے سر کی قیمت 50لاکھ روپے مقرر تھی،سکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک دہشتگرد نے گرفتاری سے بچنے کےلئے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میںپولیس کے 3 اہلکار مقبول ، فدا ، سعید الرحمن جام شہادت نوش کر گئے۔
علاوہ ازیں کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا،سی ٹی ڈی کےساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4دہشتگرد انجام کو جاپہنچے،ہلاک دہشتگردوں میں جلیل عرف فرید، نیاز عرف کنگ اور حمدان عرف فرید شامل ہیں۔
باجوڑ میں حملہ پسپا،12خوارج جہنم واصل،11جوان شہید



















