راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفئیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پاکستان کے ہیومن سپیس فلائٹ پروگرام میں ایک اور اہم سنگ میل کامیابی سے عبور کر لیا،آئی ایس پی آر کے مطابق سپارکو نے خلا باز امیدواروں کے انتخاب کے دوسرے مرحلے کو کامیابی سے مکمل کر لیا ، پاکستان میں ابتدائی سکریننگ کے بعد دو امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا جنہوں نے چین کے آسٹروناٹس سینٹر(اے سی سی)میں بین الاقوامی انسانی خلائی پرواز کے معیارات کے مطابق جامع طبی، نفسیاتی اور صلاحیتی جائزے مکمل کیے،شارٹ لسٹ کیے گئے امیدوار چین کے آسٹروناٹس سینٹر میں 6ماہ تک جدید خلا باز تربیت حاصل کریں گے، تربیت مکمل ہونے کے بعد ایک امیدوار کو اکتوبر،نومبر 2026میں چینی خلائی سٹیشن پر خلائی مشن کےلئے منتخب کیا جائےگا،پاکستان اور چین میں تعاون فروری 2025میں دستخط کیے گئے دو طرفہ آسٹروناٹ تعاون معاہدے کے تحت ہو رہا ہے جو وزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں طے پایا جن کے ویژن اور تعاون نے پاکستان کی انسانی خلائی پرواز میں شمولیت کو ممکن بنایا، تاریخی اقدام عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کی مضبوط حمایت کا بھی عکاس ہے جس نے اپنے خلا باز پروگرام میں پاکستان کو پہلے غیر ملکی شراکت دار کے طور پر منتخب کیا ہے۔
سپارکو نے خلائی پروگرام میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، امیدواروں کا انتخاب مکمل



















