دہشت گردی پر سیاست قابل مذمت ، فتنہ الخوارج سے ڈٹ کر لڑیں گے:عظمیٰ بخاری

لاہور (وقائع نگار) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ایسے عناصر قابل مذمت ہیں جو قومی سانحوں کو سیاسی مقاصد کےلئے استعمال کرتے ہیں،ہم فتنہ الخوارج، پیروکاروں سے ڈٹ کر لڑیں گے اورہر محاذ پر شکست دیں گے،عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ لعنت ہے ان لوگوں پر جو دہشت گردی کے واقعہ پر سیاست کر رہے ہیں، جن عناصر کو ماضی میں ہزارہ کے شہیدوں کی لاشیں بلیک میل کرتی تھیں، وہ آج خاموش رہیں، جو لوگ دہشت گردی کے شہداءاور ان کے اہلخانہ کےخلاف گھٹیا زبان استعمال کرتے ہیں، انہیں خاموش رہنا چاہیے، دہشت گردی کےخلاف یہ ایک جنگ ہے جسے یہ قوم پہلے بھی جیت چکی ہے اور اب بھی کامیابی حاصل کرے گی،وزیر اطلاعات پنجاب نے واضح کیا جو لوگ افغانستان کے غم میں گھلتے ہیں اور دہشت گردوں کو دہشت گرد کہنے سے گریز کرتے ہیں، وہ پنجاب اور عوام کی خوشیوں سے اپنی کالی سیاست دور رکھیں، دہشت گرد چاہتے ہیں کھیلوں کے میدان ویران ہوں اور عوام خوف و پریشانی میں مبتلا رہیں لیکن ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔