وزیراعظم اگلے قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کرینگے

اسلام آباد (مشرق نیوز) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے پیشرفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اگلے قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سے ملاقات کریں گے۔وزیر اعظم اپنے وفد کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر چیمبر میں ملاقات کیلئے پہنچیں گے۔

اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم جب پارلیمنٹ آئیں گے تو اپوزیشن قیادت سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاوس میں وزیر اعظم کی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کیلئے روابط ہوئے، اس ملاقات کیلئے رانا ثناءاللہ نے رابطے کا کردار ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق صدر آصف زرداری کی کراچی میں موجودگی کے سبب پیر کے روز ملاقات نہ ہو سکی، شہباز شریف ملاقات سے قبل صدر آصف علی زرداری کو اعتماد میں لینا چاہتے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قازقستان کے صدر کے دورے اور مصروفیات کے باعث اپوزیشن لیڈر سے ملاقات میں وقفہ آیا ہے۔