47ارب کے تاریخی رمضان پیکیج سے 42لاکھ خاندان مستفید ہوں گے،عظمیٰ بخاری


لاہور: (وقائع نگار) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے47ارب کے تاریخی رمضان پیکیج سے 42لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہر منصوبے سے لاکھوں افراد کو فائدہ پہنچ رہا ، ستھرا پنجاب، رمضان نگہبان پیکیج، فیلڈ ہسپتال و دیگر عوامی فلاحی منصوبے حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں،نگہبان کارڈز پرنٹ ،رمضان المبارک سے قبل مستحق افراد تک پہنچا دئیے جائیں گے،5 فروری کے بعد پنجاب حکومت کے پاس تمام شہریوں کا مکمل ڈیٹا دستیاب ہو گا، فہرست میںماہانہ 45 ہزار سے کم آمدن والوں کوشامل کیا گیا،ستھرا پنجاب کے ورکرز کو بھی رمضان نگہبان کارڈ فراہم کیا جائےگا۔

وزیر اطلاعات نے کہارواں سال رمضان المبارک میں نگہبان دسترخوان، مریم کے مہمان پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے ،پنجاب کی ہر تحصیل میں دسترخوان لگائے جائیں گے ، کم از کم 2 ہزار افراد کو معیاری افطاری فراہم کی جائے گی،سہولت بازاروں میں اشیائے خورونوش مارکیٹ سے 10 سے 15 روپے کم قیمت پر دستیاب ہیں، پنجاب کے 30 اضلاع میں 65 سہولت بازار فعال کیے جا چکے،وزیراعلیٰ مریم نواز کے تمام اقدامات سیاست نہیں عوامی مفاد کےلئے ہیں، تحصیل کی سطح پر 1500 مزید الیکٹرک بسوں کی منظوری بھی دےدی گئی۔

عظمیٰ بخاری نے واضح کیا رمضان المبارک میں منافع خوری ،ذخیرہ اندوزی کےخلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں ،کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی، لیبر کلاس کے راشن کارڈ میں بھی اضافہ کردیا،گلبرگ پلازہ میں آتشزدگی پر حکومت نے صرف 5 منٹ میں ریسپانس دیا، بروقت کارروائی نہ ہوتی تو بڑا سانحہ پیش آ سکتا تھا ،حکومتی اقدامات سے قیمتی جانوں ،املاک کو محفوظ بنایا گیا۔