عمران خان کے سوا کسی میں ایبسلوٹلی ناٹ کہنے کی جرات نہیں، سہیل آفریدی

ہری پور:(مشرق نیوز)وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا ہے عمران خان کو وزارت عظمیٰ سے صرف اس لیے ہٹایا گیا ایک ملک کو پسند نہیں تھا، بانی پی ٹی آئی کے سوا کسی اور میں ایبسلوٹلی ناٹ کہنے کی جرات نہیں، سب کو اپنے ذاتی مفادات عزیز ہیں۔

یونیورسٹی آف ہری پور کے پانچویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہافارغ التحصیل طلبہ ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے،غازی میں یونیورسٹی آف ہری پور کا تحصیل کیمپس قائم کیاجائےگا،فارم 47 کے مسلط شدہ کرپٹ ٹولے کو سیاست و حکمرانی دونوں میدانوں میں عبرت ناک شکست دے کر دکھاوں گا، ملک کے حالات سب کے سامنے ، دنیا چاند پرجا پہنچی اور بدقسمتی سے امن کی بھیک مانگ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا بند کمروں میں بیرونی سازش کے ذریعے منتخب وزیراعظم کو ہٹایا گیا، سیاسی مسخروں کے مفادات پاکستان نہیں ،صرف لوٹ مار سے وابستہ ہیں،تیراہ کے لوگوں کو شدید برفباری میں زبردستی گھروں سے نکالا گیا ،کچھ بے شرم وفاقی وزرا پریس کانفرنس میں دعویٰ کر رہے ہیں لوگ برفباری کی وجہ سے نقل مکانی کر رہے ہیں،پوری دنیا کی طاقت میرے ضمیر کا سودا نہیں کر سکتی، عوام کی مدد سے مقابلہ کروں گا،کسی بیرونی جارحیت کا سامنا ہوا تو فوج سے پہلے پختون قوم مقابلہ کرے گی لیکن واضح کر دوں آئندہ کسی بیرونی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔