سٹاک مارکیٹ میں بلندی کا نیا ریکارڈ قائم،انڈیکس میں1900پوائنٹس اضافہ

کراچی (بیورو رپورٹ) پاکستان سٹاک مارکیٹ پہلی بار ایک لاکھ 74 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح عبور کر گئی،کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی،پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 74 ہزار 411 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیاتاہم کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1495 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ ایک لاکھ 73 ہزار 896 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،جن اہم شعبوں میں بھرپور خریداری کا رجحان ہے ان میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینک، کھاد، تیل و گیس کی تلاش و پیداوار کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، بجلی کی پیداوار اور ریفائنریز شامل ہیں، اے آر ایل، حبکو، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پول، ایچ بی ایل، میزان بینک، اور ایم سی بی بھی مثبت زون میں دکھائی دیئے،بازار میں 85 کروڑ شیئرز کے سودے 42 ارب میں طے ہوئے، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 125 ارب بڑھ کر 19590 ارب روپے ہوگئی،مزید برآں ملک میں سونے کی قیمتیں گرگئیں، فی تولہ سونا 5500 روپے سستا ہو گیا،آل پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق کمی کے بعد ملک میں فی تولہ سونا 4 لاکھ 70 ہزار 162 روپے کا ہوگیا، 10 گرام سونے کی قیمت 4715 روپے کم کر 4 لاکھ 3 ہزار 88 روپے ہے،دوسری جانب عالمی بازار میں سونے کا بھاو¿ 55 ڈالر کم ہو کر 4478 ڈالر فی اونس ہے۔