موٹروے پر ایمرجنسی سروسز کے دائرہ کار کو مزید بڑھائیں گے: سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ۔خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس میں سالانہ ترقیاتی سکیموں کا جائزہ بھی لیا گیا۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے اجلاس میں ریسکیو کی کارکردگی اور ترقیاتی اہداف پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ایمرجنسی سروسز کے معیار کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ریسکیو انٹرن شپ پروگرام کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائیگا۔ پنجاب ایمرجنسی سروس کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر کریں گے۔ایئر ایمبولینس سروس حکومت پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔ موٹروے پر ایمرجنسی سروسز کے دائرہ کار کو مزید بڑھائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ 39 نئی تحصیلوں میں فائراینڈ ریسکیو سروس اور موٹر بائیک ریسکیو سروس کی فراہمی کیلئے منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی ڈسپیچ سسٹم کو عالمی معیار کے مطابق کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب بہت جلد ریسکیو 1122 کے تمام سٹیشنوں کو سولرآئزڈ کر دے گی۔ جنگلات اور فصلوں میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کیلئے اداروں کے درمیان باہمی کوآرڈینیشن کو مزیدبہتر بنایا جائے گا۔ مشکل ترین حالات، ہیٹ ویو اور طوفان و بادباراں میں ریسکیو سروسز کی بروقت فراہمی اور کارکردگی قابل ستائش ہے۔