لاہور (نعیم جاوید) سینئر تاجر رہنماوں اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق عہدیداران نے کہا ہے کہ لاہور چیمبر کی نئی قیادت، صدر علی حسام اصغر اور ان کی ٹیم نے صرف ایک ماہ کے دوران عملی اقدامات اور بھرپور جدوجہد کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ ویژن الائنس واقعی لاہور کی تاجر برادری کی آواز بن چکا ہے۔ تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے نئی قیادت کی کوششیں قابل تحسین ہیں اور ان کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ سینئر تاجر رہنما اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر حارث عتیق نے روزنامہ مشرق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی حسام اصغر اور ان کی ٹیم نے ایک ماہ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ثابت کیا ہے کہ ویژن الائنس تمام لاہور کے تاجروں کی موثر آواز ہے۔ نئی قیادت نے تاجروں کے مسائل کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے اور کاروباری برادری کو یہ احساس دلایا ہے کہ ان کی آواز متعلقہ حکام تک پہنچائی جا رہی ہے۔ چوہدری امجدنے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی حسام اصغر اور ان کی ٹیم نے تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے دن رات ایک کر رکھا ہے۔ نئی قیادت نے عہدے سنبھالتے ہی عملی جدوجہد شروع کی اور مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکومتی اداروں اور اعلیٰ حکام سے رابطے کئے جس کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر ناصر حمید خان نے کہا کہ ویژن الائنس جس مقصد اور وژن کے تحت قائم کیا گیا تھا، موجودہ قیادت اسی سمت میں پیشرفت کر رہی ہے۔ علی حسام اصغر اور ان کی ٹیم تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔ نئی قیادت نے تاجروں کے اعتماد کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے عملی اقدامات کا آغاز کیا ہے اور کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کیا جا رہا ہے سینئر تاجر رہنما وقار احمد مےاں ،فاران سعید بٹ اور عمر قرےشی نے کہا کہ علی حسام اصغر اور ان کی ٹیم کو جتنا خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے صرف ایک ماہ کے دوران اپنی کارکردگی سے ثابت کیا ہے کہ قیادت کسے کہتے ہیں اور کسی اہم عہدے پر فائز ہونے کے بعد ذمہ داریاں کس طرح ادا کی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی ٹیم نے تاجروں کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا اور ان کے حل کیلئے حکومتی سطح پر موثر رابطوں کا سلسلہ شروع کیا ہے تاجر رہنماوں نے کہا کہ لاک ڈاون میں نرمی، کاروباری سرگرمیوں کو سہولت دینے اور لاہور چیمبر کے مسائل کو اعلیٰ حکومتی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی جانب سے توجہ اور تعاون کاروباری برادری کیلئے اہم پیشرفت ہے۔ ان اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ لاہور چیمبر کی نئی قیادت حکومتی اداروں اور کاروباری برادری کے درمیان رابطے کو موثر بنانے کیلئے سرگرم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کے اہم تجارتی اداروں میں شامل ہے اور اس کی ذمہ داری صرف تاجروں کی نمائندگی تک محدود نہیں بلکہ صنعتی ترقی، سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع، برآمدات میں اضافے اور ملکی معیشت کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرنا ہے۔ نئی قیادت سے توقع ہے کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ تاجروں کے دیرینہ مسائل کے حل، ٹیکسوں میں اصلاحات، بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی، کاروباری لاگت گھٹانے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گی۔
لاہور چیمبر کی نئی قیادت نے ایک ماہ میں ہی کمیونٹی کا اعتماد حاصل کرلیا: تاجر رہنما


















